حیدرآباد ،حیسکو ملازمین پر تشدد ،بجلی بندکرنے کی دھمکی

62

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بجلی چوری کے خاتمے کے لیے خدمات انجام دینے والے ڈیوٹی پر مامور حیسکو ملازمین پر جان لیوا حملہ کرنے اور تشدد کرنے والے سماج دشمن غنڈہ عناصر کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ ملازمین کو کام پر تحفظ فراہم کیا جائے، بصور ت دیگر ملازمین کام بند کرکے انتہائی سخت اقدام اٹھا کر بجلی بند کردینے پر مجبور ہوںگے۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (CBA) کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے لیبر ہال حیدرآباد میں یونین کے صوبائی عہدیداران کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اقبال احمد خان، ملک سلطان علی، اعظم خان، محمد حنیف خان، رفیع الدین شاہ، ریحان اقبال قائمخانی، عبدالمناف نظامانی بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد مزدور نے مزید کہا کہ کھوسکی روڈ بدین پر آپریشن سب ڈویژن حیسکو کے ملازمین بجلی چوری کی روک تھام، کنڈا سسٹم کیخلاف کارروائی اور براہ راست بجلی چوری کرنے والوں کی لائنیں کاٹ رہے تھے کہ اچانک بجلی چوروں اور ان کے سہولت کاروں نے سرکاری کام میں مداخلت کرتے ہوئے نہتے کارکنوں پر آتش گیر مادے، ڈنڈوں اور لوہے کی سلاخوں سے جان لیوا حملہ کردیا، جس کے باعث 8 سے زائد کارکنان امتیاز علی لائن مین (ون)، حفیظ الرحمن لائن مین (ٹو)، اشفاق علی لائن مین (ٹو)، بدالدین لائن مین (ٹو)، خالق احمد لائن مین (ٹو)، نبی بخش لائن مین (ٹو) شدید زخمی ہوگئے، جن میں سے کچھ کے ہاتھ اور پائوں کی ہڈیاں ٹوٹ گئیں، جبکہ ایک کارکن کو اتنا مارا کہ اس کی ناک ہی توڑ دی گئی، یہ نہتے کارکنان اپنی جان بچاتے ہوئے وہاں سے نکلے، جہاں ان کے دیگر ساتھیوں نے ان کو فوری طور پر طبی امداد بہم پہنچانے کے لیے پہلے سول اسپتال بدین پھر اس کے بعد سول اسپتال حیدر آباد اور بون کیئر اسپتال حیدر آباد پہنچایا۔ سرکاری کام میں مداخلت کرنے والے عناصر میں جہاں عام آدمی شامل تھے، وہیں قانون کے محافظ الیاس بھرگڑی پولیس کانسٹیبل، غلام محمد بھرگڑی پولیس کانسٹیبل اور ریٹائرڈ سپاہی رینجرز عنایت اللہ بھرگڑی کے علاوہ شمس الدین بھرگڑی اسکول ٹیچر، مرتضیٰ بھرگڑی، عزیز اللہ بھرگڑی، احمد علی بھرگڑی، اکبر علی بھرگڑی کے علاوہ مزید چار نامعلوم افراد شامل ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری کام میں بے جا مداخلت، بجلی چوری کرنے، نہتے ملازمین پر تشدد، حملہ کرنے اور انہیں جان سے مار نے والوں کیخلاف بلا کسی تردد اقربا پروری کے فی الفور کارروائی عمل میں لاتے ہوئے نا صرف انہیں گرفتار کیا جائے بلکہ ان پر اقدام قتل کی دفعات کے مطابق مقدمات کا اندراج کیا جائے۔ بجلی چوری اور کنڈا سسٹم کے خاتمے کے لیے کام کرنے والے تمام حیسکو ملازمین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اگر ہمارے جائز مطالبات کو نہ مانا گیا تو ہم نہ صرف کام بند کردیں گے بلکہ متعلقہ علاقوں کی بجلی بھی بند کردینے کے بھی مجاز ہوں گے۔