نائٹ ٹیمیں چوکیداری نظام کے تحت کارروائیاں تیز کریں،عبدالحق

41

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو عبدالحق میمن نے حیسکو ریجن کے آپریشن سرکل حیدر آباد اور آپریشن سرکل میرپور خاص کے تمام افسران جس میں سپرنٹنڈنگ انجینئر میرپور خاص سرکل اقبال بڑیچ، سپرنٹنڈنگ انجینئر سرکل نوابشاہ محمد مٹھل شیخ، ایگزیکٹو انجینئر، DCMs ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل، ریونیو افسر اور SDOs سے حیسکو کانفرنس ہال میں کارکردگی کے بارے میں تفصیلی میٹنگ کی۔ حیسکو چیف نے میٹنگ میں سختی سے ہدایات دیں کہ اس وقت حیسکو کے 82 ارب 38 کروڑ 22 لاکھ کے واجبات ہیں، جس میں سے نوابشاہ سرکل کے نادہندگان پر 18 ارب 78 کروڑ 67 لاکھ ہیں۔ وفاقی اداروں پر 7 کروڑ 79 لاکھ، صوبائی اداروں پر ایک ارب 84 کروڑ 79 لاکھ جبکہ نجی صارفین پر حیسکو کے 16 ارب 86 کروڑ 9 لاکھ کے واجبات ہیں۔ جبکہ آپریشن سرکل میرپورخاص کے نادہندگان پر 7 ارب 99 کروڑ 90 لاکھ ہیں ، وفاقی اداروں ایک ارب کروڑ 51 کروڑ 74لاکھ، صوبائی اداروں پر 90کروڑ 68لاکھ جبکہ نجی صارفین پر حیسکو کے 5 ارب 57 کروڑ 49لاکھ کے واجبات ہیں۔جس کی 100فیصد وصولی کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ریکوری ٹیمیں گھر گھر چیکنگ کرنے اور واجبات کی ادائیگی چیک کریں۔ عدم ادائیگی پر بجلی کنکشن بلا تفریق منقطع کیے جائیں، زیادہ واجبات والے صارفین کی شکایات فوری حل کی جائیں جس کے لیے کھلی کچہریاں منعقد کی جائیں، جس میں صارفین بجلی کے بلوں کی آسان اقساط بنوا کر بجلی کے بل جمع کروائیں۔ صارفین کے بجلی کے بلوں کی شکایات کو سننے اور جلد از جلد حل کیے جائیں۔ اس کے علاوہ تمام سب ڈویژنوں میں کسٹمر سروس سینٹرز فعال کیے جائیں جس سے صارفین مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹر ریڈرز صارفین کو درست ریڈنگ کے ساتھ بل ارسال کرنے کے پابند ہیں اور افسران گھر گھر جاکر صارفین کے بجلی کے بلوں کی درست ریڈنگ بھی چیک کریں۔ میٹنگ میں حیسکو چیف نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ہدایات دیں کہ بجلی چوری کا مکمل خاتمہ یقینی بنائیں، جس کے لیے نائٹ ٹیمیں چوکیداری نظام کے تحت کارروائیاں تیز کریں۔ کنڈا کنکشن منقطع کرکے ان کیخلاف مروجہ قانون کے تحت FIR درج کرائی جائیں اور نادہندگان واجبات کی 100 فیصد وصولی ممکن بنائیں۔