خفیہ اداروں کا اہلکار ظاہر کرکے بلیک میل کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے

59

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد کے رہائشی محمد حنیف آرائیں، اسلم قریشی اور محمد عمر ان نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکام سے اپیل کی ہے کہ حیدر آباد کے رہا ئشی اور خفیہ اداروں کا اہلکار ظاہر کرکے لوگوں کو بلیک میل کرنے والے شخص شریف آرائیں کیخلاف قانونی کارروائی کرکے عام شہریوں سے لوٹی گئی رقم واپس دلوا کر انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں جعل سازی اور فراڈ کے ذریعے زمینیں خرید کے فروخت کرنے والے چودھری شریف آرائیں نے اپنے گروپ کے ساتھ زمینوں کا کاروبار کرکے غریب اور بے سہارا شہریوں سے کروڑوں روپے وصول کرکے زمین کا کھاتہ سمیت قبضہ دینے سے انکار کردیا ہے جبکہ زمینوں کا کھاتہ اور قبضہ مانگنے والے شہریوں کو جھوٹے کیسوں میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دیتا ہے اور وہ جعلی چیک دے کر رقم ہڑپ کرنے کے واقعہ میں بھی ملوث ہے، جس کی مثال حال ہی میں چودھری شریف آرائیں نے 63 لاکھ 50 ہزار روپے کا جعلی چیک محمد حنیف آرائیں کو دیا ہے، جس کا کیس پنیاری تھانہ پر درج کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری شریف آرائیں پولیس، محکمہ ریونیو سمیت ملک کے خفیہ اداروں کا اہلکار ظاہر کر کے شریف شہریوں کو لوٹ رہا ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، ملک کے خفیہ اداروں کے سربراہان اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لے کر فراڈ کے ذریعے شریف شہریوں سے لوٹی گئی رقم انہیں واپس دلوائی جائے۔