بھارتی فوج کے نرغے میں پھنسے کشمیریوں کی مدد ہماری ذمے داری ہے‘ سردار مسعود

41

مظفرآباد ( آن لائن )آزاد جموں و کشمیر کا 72واں یوم تاسیس قومی جوش و جذبے اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ ریاست جموں و کشمیر کے مقبوضہ حصہ کی آزادی اور حق خود ارادیت کے حصل کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھارتی ظلم و استبداد سے نجات دلانے اور آزادی کی نعمت سے ہمکنار کرنے کے لیے سیاسی و سفارتی کوششوں کو تیز تر کیا جائے گا ،بھارتی فوج کے نرغے میں پھنسے کشمیریوں کی مدد پاکستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی دینی ذمے داری ہے۔آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے یوم تاسیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5اگست کے بھارتی اقدامات کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال یکسر بد ل گئی ہے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوج تعینات کر کے اور ریاست کو 2حصوں میں تقسیم کر کے کشمیریوں سے مستقل سکونت ، تعلیم ، روزگار اور زمین کی ملکیت جیسے حقوق چھین کر مقبوضہ علاقے کو عملاً اپنی نو آبادی تبدیل کر دیا ہے اور اب یہ کہا جا رہا ہے کہ بھارت ہندوئوں کو مقبوضہ علاقے میں آباد کر کے وہاں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا منصوبہ بنا چکا ہے ۔حالیہ دنوں میں ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو اغوا کیا گیا جن پر عقوبت خانوں میں بد ترین تشدد کیا جا رہا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی میڈیا مسلسل اپنی رپورٹس شائع کر رہا ہے عالمی سول سو سائٹی مختلف ممالک کے پارلیمنٹرین کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں لیکن طاقتور اقوام اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر اسرار خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بھی بے جان اور محتاط بیانات سے آگے کچھ کرنے کے لیے تیار نظرنہیں آتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے کہا کہ آج بھارت مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ کر رہا ہے اُس کی نظیردنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی ۔ بھارت کو متنبہ کرتا ہوں کہ اس کی حرکتیں بھارت کے ٹو ٹنے پر اختتام پذیر ہوں گی ۔ بھارت جس راہ پر چل رہا ہے وہ اسے تباہی و بربادی کی طرف لے جائے گی۔