سیاسی مخالفت میں کسی کی بیماری کا مذاق نہ اڑایا جا ئے ،شہباز شریف

110

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سیاسی مخالفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کے غم یا بیماری کا مذاق نہیں  اڑانا چاہیے  بلکہ ان کو یاد رکھنا چاہیے کہ وقت ہمیشہ ایک سا نہیں رہتا۔

قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد  نوازشریف کی صحت میں بہتری ہماری اولین ترجیح ہے ،پاکستانی قوم سمیت پوری پارٹی فکر مند ہے ۔

 پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر نے کہا کہ حکومت کے دل میں زرا بھی رحم ہوا تو آج عدالت کو نوازشریف کی صحت کو لاحق خطرات سے آگاہ کرے گی، سیاسی مخالفت اپنی جگہ رہتی ہے لیکن کسی کے زندہ رہنے کے حق سے انکار نہیں کیاجاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو قانونی حق حاصل  ہے کہ انہیں بہترین علاج کی سہولت دی جائے ، ان کی صحت سے متعلق کسی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے، حکومتی وزراء اور مشیروں کا رویہ اور انداز گفتگو انتہائی نامناسب ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج نوازشریف کے مقدمے کی سماعت ہے،اللہ تعالی سے دعاہے اور عدلیہ سے انصاف کی امید رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی،سماعت میں عدالت نے نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کے  ساتھ  ڈاکٹرکی استدعاپر کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی گئی۔