احتجاج آئینی حق ہے، رکاوٹیں ہٹائی جائیں، اسفند یار ولی

39

پشاور (آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ احتجاج اپوزیشن کا آئینی و قانونی حق ہے، حکومت راستوں پر کھڑی گئی گئی رکاوٹیں ہٹائے، اپنے اپنے صوبوں کے حالات کے مطابق 31اکتوبر تک مارچ کا حصہ بنیں گے۔ مشاورتی کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے اسفند یار ولی خان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی 31اکتوبر کو آزادی مارچ کا حصہ بنے گی، اس سلسلے میں تمام صوبائی یونٹس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ 31 اکتوبر کو خیبر پختونخوا کے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے رشکئی انٹرچینج سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔ مشاورتی اجلاس کے بعد جاری
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آزادی مارچ تمام اپوزیشن جماعتوں کا آئینی اور قانونی حق ہے، اُمید ہے کہ حکومت نے تمام راستوں پر جو رکاوٹیں کھڑی کیے ہیں ان کو فوری طور پر ہٹا کر سیاسی کارکنان کو اجازت دی جائیگی کہ وہ اپنے آئینی اور قانونی حق کو استعمال کرتے ہوئے حکومت کے خلاف احتجاج کریں۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اے این پی کو ملک میں جاری مہنگائی،بیروزگاری اور معاشی صورتحال پر سخت تشویش ہے،سفید پوش انسان کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی ہے،مشاورتی اجلاس میں سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے چلنے والی خبروں پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں اس حوالے سے حکومتی وزرا کی جانب سے جاری ہونے والے بیانات کی بھی مذمت کی گئی۔
اسفند یار ولی