عوام پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو بار بار بھگت چکے

106

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد نے کہا ہے کہ عوام پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو بار بار بھگت چکے ہیں۔ پی ٹی آئی بھی کچھ ڈلیور کرنے میں ناکام رہی ہے۔مستقبل کے سیاسی منظر نامے میں ایک خلا نظر آتاہے۔ ایک تازہ دم ٗاہل اور دیانتدار قیادت ہی ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں تجدید عہد رکنیت کے سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل نائب امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی شیخ مسعود احمد نے تجدید عہد رکنیت کے سلسلے میں ان ارکان سے حلف لیا، جو بوجوہ اپنے زونل اجتماعات میں حلف نہیں اُٹھا سکے تھے۔ سید عزیر حامد نے کہا کہ جماعت اسلامی فریضہ اقامت دین کی ایک عالمی تحریک ہے۔ جس کی بنیاد 26 اگست 1941ء کو لاہور میں مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی قیادت میں رکھی گئی تھی۔ جماعت اسلامی قرآن وسنت کی روشنی میںطے کردہ اپنے نصب العین اور دستور کے مطابق کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اسلامی معاشرے کی تشکیل اور اللہ کی زمین پر اللہ کے عطا کردہ نظام عدل کا قیام ہماری جدوجہد اور سرگرمیوں کا مرکز و محور ہے۔ سید عزیر حامد نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے ملکی اور علاقائی حالات میں جماعت اسلامی کے ارکان و کارکنان کی ذمے داریوں میں اور بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔