عوامی لاوا پھٹا تو سلیکٹر بھی محفوظ نہیں رہیں گے‘ بلاول

196
کندھ کوٹ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری جلسے سے خطاب کررہے ہیں
کندھ کوٹ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری جلسے سے خطاب کررہے ہیں

کندھ کوٹ (نمائندہ جسارت/خبر ایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک کے حالات بہت خوفناک دیکھ رہاہوں، نالائق اور نااہل وزیراعظم کو استعفا دے کر گھرجانا ہوگا، کشمیر کا سودا عوام کو منظور نہیں ہے۔سی پیک جیسے انقلابی منصوبے کو بند کیا جا رہا ہے’ حکومت بتائے کہاں گئیں ایک کروڑ نوکریاں ؟ کہاں گئے پچاس لاکھ گھر ؟ عمران خان کا نیا پاکستان ایک بھیانک خواب ثابت ہورہا ہے ۔اتوارکو کندھ کوٹ میں جلسے سے خطاب میں بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں ملک کے حالات بہت خوفناک دیکھ رہے ہیں، اس نالائق اور نااہل وزیراعظم کو استعفا دے کر گھرجانا ہوگا ۔پمز اسپتال میں زیرعلاج آصف زرداری کے بھی پلیٹ لیٹس کم ہوکر90 ہزار رہ گئے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آصف زرداری کو علاج کی سہولت نہ دے کر دباؤ میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے، مگر آصف زرداری ڈرا نہیں ، جھکا نہیں اور ٹوٹا نہیں۔بلاول کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمیں انصاف دو نہ دو سانحہ ساہیوال کے ان بچوں کو ہی انصاف دے دو جن کے سامنے والدین کو قتل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جیلوں میں قیدکرنا چاہتے ہو تو کرلو، لوگوں سے روٹی نہ چھینو، لوگوں کو بے روزگار نہ کرو، جینے کا حق دو، کشمیر میں آج بھی کرفیو اور لاک ڈاؤن ہے، کشمیر کا سودا عوام کو منظور نہیں ہے۔سی پیک جیسے انقلابی منصوبے کو بند کیا جا رہا ہے۔بلاول نے کہا کہ میں اس حکومت کی نا اہلیوں سے پردہ اٹھائوں گا، اس کی عوام دشمنی کو بے نقاب کروں گا اور عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لے آئوں گا۔ آج کشمور کے عوام کا پیپلز پارٹی میں شامل ہونا اس بات کی گواہی ہے کہ خلق خدا عمران خان کی ظالم حکومت کیخلاف کھڑی ہو گئی اور عوام اس حکومت کو مزید برداشت نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ میں آنے والے دنوں میں بہت خطرناک حالات دیکھ رہا ہوں۔ عوام موجودہ صورتحال پر خاموش نہیں بیٹھیں گے‘ عوامی لاوا پھٹا تو سلیکٹر بھی نہیں بچیں گے‘ میڈیا کو خاموش کر دیا گیا ہے، سیاسی رہنمائوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے۔ طبی سہولت سے ان کو محروم کر دیا گیا ہے سیاسی مخالفین کی صحت کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے اگر عوام کے اندر پکنے والا لاوا پھٹا تو پھر اس کی شدت سے کوئی محفوظ نہیں رہ سکے گا۔ اب حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ پورا ملک کہہ رہا ہے حکومت نالائق ہے اور ظالم عمران خان کو استعفا دینا ہو گا ان کو گھر جانا ہو گا، گو سلکیٹڈ گو اب عوام کا نعرہ بن چکا ہے۔