زرداری کی طبیعت نہ سنبھال سکی، گردے اور مثانہ متاثر ہونے کاخدشہ

132

اسلام آباد/سکھر(خبر ایجنسیاں)سابق صدر آصف زرداری کی طبیعت بدستور خراب ہے، شوگر لیول نارمل نہ ہونے کے سبب گردے و مثانہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے بلکہ پلیٹ لیٹس گرنے کی شکایت بھی درپیش ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آصف زرداری جسمانی طور پر شدید کمزوری کا شکار ہیں، ان کے مثانے میں موجود غدود کی غیر معمولی پھولنے کی تشخیص ہوئی ہے۔ ان کے مہروں میں بھی تکلیف بدستور موجود ہے جس کے لیے ان کی فزیو تھراپی کی جا رہی ہے۔اسپتال انتظامیہ نے آصف زرداری کے معائنے کے لیے 4 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے رکھا تھا جس میں نیورو، آرتھو، کارڈیالوجی و جنرل میڈیسن کے علاوہ پیتھالوجسٹ و یورالوجسٹ کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب)سکھر کی زیر حراست پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو امراض قلب اسپتا ل داخل کر لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خورشید شاہ کو عدالتی احکامات کے بعد طبی معائنے کے لیے منتقل کیا گیا۔خورشید شاہ کا بلڈ پریشر ہائی ہونے کی وجہ سے انہیں اسپتا ل داخل کیا گیا ۔احتساب عدالت کے احکامات پر پیپلزپارٹی کے رہنما کو سخت سیکورٹی میں طبی معائنے کے لیے این آئی سی وی ڈی اسپتا ل منتقل کردیا گیا۔ خورشید شاہ کو بلڈ پریشر اور ذیابطیس کے امراض لاحق ہیں اور ان کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔