


اسلام آباد/سرینگر(خبرایجنسیاں)کشمیر پر بھارتی قبضے کے 72برس مکمل ہونے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا گیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی کی اپیل پرمقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے پہلی بار مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں اتاری تھیں جس کے بعد سے اب تک بھارت نے کشمیر پر جابرانہ قبضہ کر رکھا ہے۔ بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے، جلسے اور ریلیاں منعقد کی گئیںجن کا مقصد کشمیر پر بھارتی قبضے اور کشمیریوں کے قتل عام کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔علاوہ ازیں کنٹرول لائن کے دونوں طرف مقیم کشمیریوں نے بھارتی اقدام کے خلاف احتجاج بھی کیا۔آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں منعقدہ آل پارٹیز نمائندہ اجتماع میں حریت کانفرنس کے سیکرٹری اطلاعات شیخ متین نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد دنیا غلامی کی سیاہ رات کو آزادی کی روشن صبح میں تبدیل کرنے کے لیے کشمیریوں کی مدد کرے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر زمین کا تنازع نہیں ہے کہ جسے 2 ملکوں کا معاملہ قرار دے کر نظر انداز کیا جائے، ایک کروڑ سے زیادہ انسانوں کی آزادی اور مستقبل کا معاملہ ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت نے 5اگست کے بعد کنٹرول لائن کے اس پار غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ رکھی ہے،ہمارا جھگڑا صرف مودی کی انتہاپسندانہ سوچ سے ہے۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ہمارا حق ہے کہ جس کے چاہییں ساتھ رہیں۔ تقریب سے وفاقی وزیرامور کشمیر علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5اگست ہماری تاریخ کا ایک اور سیاہ ترین دن بن چکا ہے۔ تقریب کے دوران آزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان نے سیاہ غبارے ہوا میں چھوڑے اور مقبوضہ کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔ بعد ازاں وزیر اعظم آزادکشمیر نے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کے ہمراہ اقوا م متحدہ کے مبصر کو یادداشت پیش کی۔ ادھر اسلام آباد میں آل پارٹیز حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن سیل میڈیا ونگ کے زیر اہتمام بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مظاہرے میں حریت رہنما غلام احمد صفی،سید یوسف نسیم، عظمی گل،عبدالحمید لون،منظور الحق بٹ کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے بھارت اور مودی کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈائون کے 84 ویں روزبھی کرفیو کے باوجود جگہ جگہ احتجاج ہوا۔ یوم سیاہ منانے کے لیے کشمیری نوجوان گھروں سے نکل کر تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے مظاہروں میں شریک ہوئے،اس دوران بھارتی فوج کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔