پشاور(اے پی پی)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو جتنا ریلیف ملا اسی تک محدود رہے ،حکومت کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔اتوارکو اپنے ایک بیان میں شوکت یوسفزئی نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن وزیر اعظم عمران خان کے استعفے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں ،اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینا کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں،احتجاجی مظاہرین پرامن رہے تو کچھ نہیں کہا جائے گا،ڈنڈا برداروں کو صوبے سے باہر نہیں جانے دیں گے،اپوزیشن خود انتشار کا
شکار ہے، وہ ملک کو بھی انتشار کا شکاربنانا چاہتی ہے، پیپلز پارٹی اور(ن) لیگ کا کوئی مستقبل نہیں، مولانا فضل الرحمن کو یقین ہو جانا چاہیے کہ اب عوام انہیں پارلیمنٹ میں نہیں دیکھنا چاہتی، (ن)لیگ والے نواز شریف کی بیماری پر سیاست کرنا چاہتے ہیں،حکومت نے فیصلہ عدالت پر چھوڑا ہے ، عدالتی فیصلوں کا احترام ہوگا،ہماری دعا ہے کہ نواز شریف جلد صحت یاب ہوں، قانون توڑنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس ہوگی،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں،تمام تر فیصلے میرٹ پر ہوں گے،کسی کو ملک بدنام کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔