افغان سیکورٹی فورسز کی فائرنگ ‘پاک فوج کے 6جوانوں سمیت 11زخمی

54

راولپنڈی (صبا ح نیوز)افغان سیکورٹی فورسز کی پاک افغان بارڈر پر فائرنگ ، بھاری مشین گن اور مارٹر گولوں کا استعمال ، شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ افغان سیکورٹی فورسز کی فائرنگ کی زد میں آ کر پاک فوج کے 6جوان اور خاتون سمیت 5شہری زخمی ہوئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کے مطابق افغان فورسز نے افغانستان کے ضلع ناری سے بھاری مشین گنز سے فائرنگ کی اور مارٹر گولوں کا بھی استعمال کیا۔ افغان فورسز کی طرف شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ چترال کے گائوں اروند میں فائرنگ سے پاک فوج کے 5اہلکار زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق زخمیوں میں ایک خاتون سمیت 5شہری بھی زخمی ہوئے، فائرنگ کے جواب میں پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی اور افغان پوسٹوں کندکی اور دلبر کو نشانہ بنایا گیاجس سے افغان پوسٹوں کو شدید نقصان پہنچا۔ دونوں جانب سے عسکری حکام کے روابط کے بعد فائرنگ کا سلسلہ روک دیا گیا۔