حکومت پاکستان کشمیریوں کی بیڑیاں کھولے ہم جانیں مودی جانے، خالد محمود

70

راولاکوٹ(نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاہے کہ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کی بیڑیاں کھولے، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومت کو پوری ریاست کی نمائندہ حکومت تسلیم کرے، کشمیریوں کو اپنا مقدمہ لڑنے کا اختیار دے، ہم جانیں اور مودی جانے، ہم کشمیر کو آزاد کرا کر پاکستان کا حصہ بنائیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کشمیری قیادت کو بتائیں کہ ان کے پاس کشمیرکی آزادی کے لیے کیا روڈ میپ ہے ،جہاد اور جنگ کے بغیر کشمیر کیسے آزاد ہو گا ،80لاکھ کشمیری گزشتہ 87دن سے محصور ہیں ،کشمیر پر بھارتی قبضے کے 72سال گزر گے کشمیریوں کے یوم سیاہ کے موقع پر عساکر کے مرکز میں محفل سماع کے اہتمام سے کشمیریوں کو کیا پیغام دیاجارہا ہے ،کشمیری پاکستان کی بقا، سلامتی اور استحکام کی جنگ لڑرہے ہیں ،کشمیر کے بغیر پاکستان سلامت نہیں رہ سکتا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 200سال سے میدان جہاد میں ہیں نہ وہ اس سے پہلے گھبرائے ہیں نہ اب گھبرائیں گے ہمارے اسلاف نے ٹوپی دار بندوقوں سے مودی کے بڑوں کو مار بھگایا ہے سری نگر ،راجوری ،بارامولہ تک مجاہدین پہنچ کر کسی نادیدہ امداد کے 2 ماہ تک منتظر رہے ،اہل کشمیر ریاست پاکستان سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں اور پاکستان کی ریاست اور عوام سے ان کو کوئی گلہ نہیں ،البتہ اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں نے کماحقہ کردار ادا نہیں کیا ،جس کی وجہ سے کشمیریوں کی آزادی کی منزل طویل ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی سرد مہری اور او آئی سی کے مطلوبہ کردار میں کمی کی وجہ سے بھارت کو شہ مل رہی ہے اسلامی ممالک محض بھارت سے سیاسی ،سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کی دھمکی ہی دے دیں تو کشمیر آزاد ہوسکتا ہے، اسلامی ممالک کی قیادت ہمارے مسائل کے حل میں رکاوٹ ہے ۔