پنجاب کے وزیرخواندگی کا بینظیر بھٹو شہید اسپتال کا دورہ

70

راولپنڈی(آئی این پی)پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم اور انسداد ڈینگی مہم کے فوکل پرسن راجہ راشد حفیظ نے بے نظیر بھٹو شہید اسپتال راولپنڈی صفائی ، مریضوں کی دیکھ بھال ، عملے کی حاضری و فرائض کی ادائیگی سمیت دیگر معاملات پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام معاملات کی اصلاح کیلیے فوری ایکشن لے کرانہیں اور سیکریٹری صحت پنجاب کو رپورٹ پیش کریں۔ صوبائی وزیر نے چند دن بعد ضلعی انتظامیہ کے افسران کو دوبارہ اسپتال کا دورہ کرکے معاملات کی درستگی کا جائزہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے اسپتال کے عملے سے کہا کہ وہ اپنی حاضری اور فرائض کی ایماندارانہ ادائیگی کو یقینی بنانے کے علاوہ مریضوں کی شکایات دور کریں اور خاص طور پر صفائی ستھرائی پر پوری توجہ دیں ۔ حکومت عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت اور لا پرواہی برداشت نہیں کرے گی ۔ انہوں نے یہ ہدایات اسپتال کے ہنگامی اور تفصیلی دورے کے دوران ڈینگی سمیت تمام وارڈوں کا دورہ کرنے کے بعد جاری کیں ۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صائمہ یونس اور اے سی سٹی نعیم افضل بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تہے ۔مریضوں اور ان کے لواحقین نے صوبائی وزیر کو اپنے درمیان پا کر شکایات کے ڈھیر لگا دئیے اور کھلی کچہری کا سماں بندھ گیا ۔ مریضوں نے صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال کے بارے میں سب سے زیادہ شکایات کیں جبکہ عملے کی جانب سے توجہ نہ دینے اور غیر مناسب رویا روا رکھنے کی شکایات بھی کی گئیں ۔ راجہ راشد حفیظ نے ڈینگی وارڈ کے معائنے کے دوران مریضوں کے پاس جا کر ان سے ان کی صحت اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں دریافت کیا اور اسپتال کے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ وہ ان مریضوں کے علاج معالجے پر پوری توجہ دینے کے ساتھ ساتھ مریضوں اور ان کے لواحقین کو ڈینگی سے بچائو کی تدابیر کے بارے میں بھی آگاہ کریں ۔ بچوں کی وارڈ میں صفائی کی نا گفتہ بہ صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ مریضوں کی صحت یابی میں ادویات کے ساتھ ساتھ معالجین کا مثبت رویہ اور ماحول کی صفائی انتہائی بنیادی عناصر ہیں جن پر ڈاکٹروں اور سپورٹنگ سٹاف کو زیادہ توجہ دینی چائییے ۔ راجہ راشد حفیظ نے نرسنگ کے کمروں میں خالی پڑے ادویات کے پیکٹوں ، سرنجوں ، بیگز اور دیگر اشیاء کا ڈھیر دیکھ کو سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور متعلقہ عملے کو ان اشیاء کو فوری تلف کرنے کا حکم دیا ۔ انہوں نے سرجیکل اور میڈیکل سمیت اسپتال کی ایک ایک وارڈ میں جا کر صفائی کی صورتحال کے علاوہ ادویات کی دستیابی کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ان کے علاج معالجے کے بارے میں دریافت کیا ۔ راجہ راشد حفیظ نے اسپتال کے ایم ایس اور دیگر عملے سے کہا کہ انہیں اسپتال کے معاملات دیکھ کو کوئی خوشی نہیں ہوئی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ یہ سارے معاملات درست کیے جائیں اور اس بارے میں تفصیلی رپورٹ بنا کر انہیں اور سیکریٹری صحت کو پیش کی جائے ۔ وہ اس بارے میں وزیر اعلی پنجاب سے بھی بات کریں گے اور جہاں حکومت کی جانب سے اصلاح احوال کیلیے فنڈز اور ایکشن کی ضرورت پڑی تو حکومت اپنا کام کرنے میں کوتاہی نہیں کرے گی اور عوام الناس کو صحت کی اچھی ، معیاری اور بروقت سہولیات کی فراہمی میں متعلقہ عملے کی غفلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔