سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں مزاحمتی یوتھ لیگ نے آئندہ ہفتے کے لیے احتجاجی کیلنڈر جاری کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ احتجاجی پروگرام پر پوری طرح عمل کریں ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مزاحمتی یوتھ لیگ نے مقبوضہ کشمیر میں چسپاں کیے گئے پوسٹرز میں لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ آج ٹورسٹ سینٹر سری نگر کی طرف مارچ کریں۔ پوسٹرز شہر کے تمام اہم مقامات پر چسپاں کیے گئے ہیں۔ پوسٹرز میں لوگوں سے کل بروز جمعہ جامع مسجد سری نگر کی طرف مارچ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ دریں اثنا قابض انتظامیہ نے لال چوک سری نگر کی طرف مارچ کو روکنے کے لیے سخت پابندیاں عاید کردی ہیں۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بدھ کو مسلسل 87 ویں روز بھی وادی کشمیر اور جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں میں فوجی محاصرہ اور مواصلاتی ذرائع معطل رہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اگرچہ پوسٹ پیڈ موبائل اور لینڈ لائن ٹیلیفون پر پابندی ہٹادی گئی ہے تاہم انٹرنیٹ اور پری پیڈ موبائل فون پر پابندی بدستور جاری ہے۔ یورپی ارکان پارلیمنٹ کے دورہ مقبوضہ کشمیر کی وجہ سے علاقے میں پابندیاں مزید سخت کردی گئی ہیں۔ ارکان پارلیمنٹ کی ٹیم سخت سیکورٹی میںگزشتہ روزسری نگر پہنچی تھی۔ ٹیم میں شامل ایک رکن Hermann Tertsch نے جوا سپین کے رکن پارلیمنٹ ہیں ،کہاکہ وہ اس حقیقت سے واقف ہیں کہ وہ ہمیں کچھ لوگوں سے دور رکھ رہے ہیں۔ مقبوضہ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ کا دورہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے اور کسی معقول شخص کو ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ بھارتی حزب اختلاف کے رہنمائوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وفد کو سیکورٹی حصار میں رکھ کر حکومت مقبوضہ علاقے کی حقیقی صورتحال چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔ مقبوضہ علاقے میں جاری سول نافرمانی کے حصے کے طورپر دکاندار اپنی دکانیں بند رکھتے ہیں اور صرف صبح یا شام کو ایک 2 گھنٹے کے لیے کھولتے ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ مسلسل معطل ہے۔ یورپی ارکان پارلیمنٹ کے وفد کو یہ باور کرانے کے لیے کہ کشمیری اپنے مادر وطن پر بھارتی قبضے اور5 اگست کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو قبول نہیں کرتے ، دکانداروں نے صبح اورشام کے اوقات میں بھی اپنی دکانیں نہیں کھولیں۔ دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے ضلع اسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں ایک نوجوان کو شہید کردیا۔ ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں ایک فوجی بنکر پر نامعلوم مسلح افراد کی طرف سے حملے کے بعد بھارتی فوجیوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فوجیوں نے علاقے کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کردی۔ ادھر منگل کی شام کو ضلع کولگام میں نامعلوم مسلح افراد نے 5 غیر کشمیر ی مزدوروں کو گولی مارکر ہلاک اور ایک کو زخمی کردیا ہے۔