یورپی پارلیمنٹرین کو کشمیریوں سے بات نہ کروا کربھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا

47

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل راجا فاضل حسین تبسم نے کہا ہے کہ مودی نے یورپی پارلیمنٹرین کو کشمیریوں سے بات نہ کروا کر اپنا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا،مقبوضہ کشمیر کے اندر ایک بھی کشمیر ی ایسا نہیں جو بھارت کے ساتھ رہنا چاہتا ہوں ،بھارت کرفیو اٹھائے ، قیدیوں کو رہا کرے اپنے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت فراہم کرے ،اقوام متحدہ بھارت کے خلاف فوجی مداخلت کرے ،جماعت اسلامی کا 46واں اراکین جنرل کونسل کا اجلاس 10,9نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا ،سینیٹر سراج الحق سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری جانتی ہے کہ بھارت نے کشمیر پر جبراً قبضہ کررکھا ہے کشمیریوں کو طاقت کی بنیاد پر غلام رکھا گیا ہے مودی نے اگر ہمت تھی تو وہ یورپی پارلیمنٹرین کو کشمیریوں سے ملنے کی اجازت دیتے کشمیریوں نے یورپی پارلیمنٹرین کے دورے کے موقع پر کرفیو کے باوجود اپنے گھروں کی چھتوں سے احتجاج کر کے مودی کے چہرے کو بے نقاب کر دیا ،کشمیریوں نے آزادی یا شہادت کا فیصلہ کیا ہوا ہے وہ مودی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ برطانیہ ،یورپی یونین اور او آئی سی کشمیریوں کو حق دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر خان پہلے مرحلے پر کشمیری قیادت سے مشاورت کر کے سیز فائر لائن تک مارچ کا اعلان کریں اور ساری دنیا کی توجہ کشمیر کی جانب مبذول کروائیں اگلے مرحلے پر مشاورت سے سیز فائر لائن توڑ کر اپنے بھائیوں کی مدد کیلیے کال دیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی صبح آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہے گی ۔