حیدرآباد:سی بی اے کے عارضی ملازمین کا مستقلی کیلیے مظاہرہ

38

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حیدرآباد ریجن کے عارضی ملازمین نے اپنی مستقلی اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے بدھ کے روز بھی احتجاجی مظاہرہ کیا اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی انتظامیہ کیخلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر اعجاز کھوسو، منصور قریشی، گڈو قنبرانی اور شکیل قریشی سمیت دیگر ملازمین نے بتایا کہ ہم سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں عرصہ دراز سے اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں لیکن چند ماہ قبل ہماری تنخواہیں بند کردی گئیں اور ہمارے کنٹریکٹ میں بھی توسیع نہیں کی جارہی ہے جبکہ 20 اگست 2019ء کو وزیر اعلیٰ سندھ نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے سندھ بلڈنگ کنٹرول حیدرآباد ریجن کے عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کے حوالے سے ایک اسکروٹنی کمیٹی تشکیل دی تھی اور اس کمیٹی کو ایک ماہ میں اپنی رپورٹ متعلقہ افسران کو پیش کرنا تھی لیکن تین ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے، نہ ہمیں تنخواہیں ادا کی جارہی ہیں اور نہ ہی ہمارے کنٹریکٹ میں توسیع کی گئی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے اپیل کی کہ ہماری تنخواہیں پوری جاری کرکے ہمیں مستقل کیا جائے اور ہمارے بچوں کو فاقہ کشی سے بچایا جائے۔