حیدرآباد،حیسکو کی13 اضلاع میں کارروائی ،93 کنکشن منقطع

42

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالحق میمن کی ہدایات پربجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، حیسکو ریجن کے تمام سب ڈویژنوں میں ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو بجلی چوری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے دن رات کارروائیاں کررہی ہیں۔ واجبات کی وصولی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے پورے حیسکو ریجن کے 13 اضلاع میں خصوصی ٹاسک فورسز، S&I، M&T کی ٹیموں کے ہمراہ کارروائیاںکی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں حیسکو چیف کی ہدایات پر آپریشن سب ڈویژن سرفراز کالونی میں بجلی چوروں اور ناہندگان کیخلاف کارروائی کی گئی، گھریلو، پلازہ اور کمرشل کنکشن کی چیکنگ کی گئی، واجبات کی عدم ادائیگی پر 93 کنکشن بلاتفریق منقطع کردیے گئے اور نادہندگان کے واجبات کی رقم میں سے ایک لاکھ 25 روپے وصولی کی گئی، بجلی چوروں کے 69 کنکشن منقطع کردیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ حیسکو کے واضح احکامات ہیں کہ گھر گھر جا کر بجلی کے کنکشنوں کو چیک کیا جائے جب تک اس علاقے میں غیرقانونی کنکشن چلتے رہیں گے، تب تک بجلی کی فراہمی نہیں دے سکتے۔ مزید برآں ٹھٹھہ مٹیاری، بھٹ شاہ، سجاول، ٹنڈوالہٰیار و دیگر علاقوں میں کارروائیوں کے دوران گھر گھر چیکنگ کی گئی، جس میں نادہندہ صارفین سے مجموعی طور پر 5 لاکھ 25 ہزار روپے کی وصولی کی گئی اور واجبات کی عدم ادائیگی پر 5 گاؤں کے 2 ٹرانسفارمر اتار کر بجلی کنکشن منقطع کیے گئے اور 136 سے زائد نادہندہ صارفین کے بجلی کنکشن منقطع کردیے گئے ہیں، جبکہ غیر قانونی طریقے سے چلنے والے 195 کنڈا کنکشن منقطع کرکے بجلی چوروں کیخلاف مروجہ قانون کے تحت جرمانہ عائد کرکے FIR درج کرانے کے لیے لیٹر جمع کرا دیے گئے ہیں۔