ڈائینگوسٹک اینڈ ریسرچ لیبارٹری کے ذمے داران کی غفلت

34

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کے زیر انتظام چلنے والی ڈائینگوسٹک اینڈ ریسرچ لیبارٹری کے ذمے داران کی غفلت اور لاپروائی نے ڈینگی مچھر کے کاٹے کی رپورٹ ایک روز پوزیٹو دی اور دوسرے روز اسی لیبارٹری نے یہ رپورٹ نیگٹو جاری کردی۔ جس سے رپورٹ کرنے والے شخص کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ 23 اکتوبر کو محمد مقصود احمد نامی شخص نے ڈائیگنوسٹک اینڈ ریسرچ لیبارٹری حیدرآباد سے ڈینگی مچھر کے کاٹے کی تشخیص کے لیے رپورٹ کرائی جو لیبارٹری نے پوزیٹو جاری کی، یعنی رپورٹ میں ڈینگی ہوجانے کو ظاہر کیا گیا، جس پر مذکورہ شخص نے فوری طور پر ڈاکٹر سے رابطہ کیا۔ ڈاکٹروں کی ہدایت پر مقصود احمد نے دوسرے روز یعنی 24 اکتوبر کو دوبارہ اسی لیبارٹری سے اپنی رپورٹ کرائی تو اسے نیگٹو کی رپورٹ جاری کردی گئی، یعنی ڈینگی کی علامتیں نہ ہونے کو ظاہر کیا گیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مذکورہ لیبارٹری جس میں شہری مہنگے داموں اپنے پتھالوجی ٹیسٹ کراتے ہیں لیکن عموماً اس لیبارٹری کی رپورٹس میں غلطیوں کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔