ملکی معیشت حالت نزع میں ہے ،وزیراعظم مستعفی ہوجائیں،سینیٹر مشتاق خان

66

پشاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر و سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے 14 ماہ میں عوام کے 14 طبق روشن کردیے ہیں۔ عمران خان اپنی حکومت کی ناکامی کا اعتراف کرکے مستعفی ہوجائیں، ملک کی معیشت حالت نزع میں ہے، ملک کو آئی ایم ایف کے حوالے کردیا گیا ہے، ملک میں کارخانے کھولنے کے بجائے لنگر خانے کھول دیے گئے ہیں، احتساب کے نام پر ملک میں انتقامی کارروائیاں عروج پر ہیں، کشمیر ا ٓئٹم سونگز سے نہیں عملی جہاد سے آزاد ہوگا، حکمران کشمیر کو فروخت کرچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے ضلعی سیکرٹریٹ بلامبٹ میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر اعزاز الملک افکاری، جنرل سیکرٹری ارشد زمان کے علاوہ سابق ممبران اسمبلی اور تحصیل امرا بھی موجود تھے۔ سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام سے بلند وبانگ دعوؤں کی بنیاد پر ووٹ لیا تھا لیکن چودہ ماہ گزرنے کے باوجود مہنگائی میں اضافہ ہونے سمیت غربت کی شرح 38 فیصد سے بھی نیچے گر گئی ہے۔ پی ٹی آئی کے تمام دعوے جھوٹ، فریب اور فراڈ ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ حال ہوکر قر ضہ 30 ہزار ارب سے بڑھ کر 40 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، جبکہ آئندہ سال اس میں 9 ہزار ارب روپے مزید اضافہ ہوگا، جس کی رپورٹ گورنر اسٹیٹ بینک نے خود جاری کی ہے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان ڈھونگ ثابت ہوا، جبکہ شرح ترقی 2.3 فیصد تک آپہنچا جوکہ افغانستان سے بھی نیچے ہے۔ مشتاق احمد خان نے احتسابی عمل کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے اسے سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ ابھی تک اندرون و بیرون ملک چوروں سے ایک پیسہ بھی وصول نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، 38 دنوں سے ڈاکٹر ہڑتال پر ہیں جبکہ پی ایم ڈی سی کو ایک غیر آئینی اقدام کے ذریعے اسے ختم کیا گیا جبکہ تاجر بھی ہڑتال پر ہیں لیکن وزیر اعظم عمران خان اور ان کے وزراء ہیلی کاپٹر کو رکشے کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کشمیر فروش وزیر اعظم کے طور پر یاد ر کھا جائے گا۔ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ عوام کو 15 لاکھ بھارتی فوج کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے اور کشمیریوں کی مسلسل نسل کشی ہورہی ہے جبکہ ہماری حکومت ٹویٹ پر ملک چلا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی آزادی مارچ کی حمایت کرتی ہے، تاہم حکومت کی پالیسیوں کیخلاف اپنے جھنڈے تلے تحریک چلائیں گے اور احتجاج کریں گے۔ انہوں نے عمران خان سے حکومت کی ناکامی، خراب معیشت اور مکمل طور پر ناکام ہونے کا اعتراف کرکے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔