راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی اور جنرل سیکرٹری سید عُزیر حامد نے لیاقت پور رحیم یار خان کے مقام پر ریل گاڑی میں آگ لگنے سے قیمتی انسانی جانوں کی ہلاکت پر افسوس اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں جماعت اسلامی کے عہدیداران نے کہا ہے کہ لیاقت پور کے مقام کا یہ افسوسناک واقعہ پاکستانی ریلوے کی تاریخ کے چند بڑے حادثات میں سے ایک ہے۔جس میں بڑے پیمانے پر مسافروں کی شہادتیں ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں عمران خان اور شیخ رشید ریل کے معمولی حادثات پر بھی وزیر ریلوے اور اس وقت کے وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کے مطالبے کرتے رہے ہیں۔ اُس وقت یہ لوگ امریکا ٗیورپ اور معزز دُنیا کی مثالیں دیتے نہیں تھکتے تھے۔ مگر افسوس کہ اب ان کے منہ بند ہو گئے ہیں اور بات اگر مگر اور چونکہ چنانچہ سے آگے نہیں کر رہے ہیں ۔ جماعت اسلامی کے ضلعی رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ لیاقت پور کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کروائی جائے۔فرائض سے غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔شہید ہونے والے مسافروں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیا جائے۔