گیارہ نومبر سے توسیع دعوت مہم کا آغاز کریں گے ،ڈاکٹرخالد محمود خان

52

راولاکوٹ(وقائع نگارخصوصی) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو اپنی یونین کا حصہ بنا کر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور تمام معاہدوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے ،مقبوضہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے کشمیریوں نے رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے عالمی برادری بھارت کے اس غیر قانونی اقدام کانوٹس لے اور اپنے عہدکے مطابق کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع فراہم کرے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے پیغام میں کیا ۔ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ جماعت اسلامی آزادکشمیر کاسالانہ اجلاس اراکین جنرل کونسل 10,9نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا ،عزم نو کے ساتھ اپنے منصوبہ عمل کے تحت آگے بڑھنے کے لیے مشاورت کا اہتمام کریں گے ،تحریک آزادی کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں اہم ترین مرحلہ ہے 90دن سے 80لاکھ عوام محصور ہیں ،جب بھی انہیں نکلنے کا موقع ملتا ہے تو تیر ا میر ا رشتہ کیا اور ہم کیا چاہتے آزادی کا نعرہ بلند کرتے ہیں ،اراکین جنرل کونسل بہر صورت اجلاس میں شرکت کریں ،کشمیرکی آزادی اور بیس کیمپ کی خوشحالی کے لیے منصوبہ بندی اور آگے بڑھنے کا لائحہ عمل طے کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ اراکین جنرل کونسل اللہ کی خاطر اپنے حلف اور ذمے داریوں کو نبھاتے ہوئے اجلاس میں شریک ہوں اپنے اپنے علاقوں کی قیادت، مینارہ نور امامت ،خدمت ،دعوت اور خدمت سے سرشار ہو کر اپنی شرکت کو یقینی بنائیں ،مقبوضہ کشمیر کے سسکتے ہوئے بھائی علاج،خوراک اور ادویات سے محروم ہیں ،اپنے قرب و جوار میں دعوت کا اہتمام کریں ،کشمیرکی آزادی کے لیے نیا روڈ میپ دیں گے ۔11نومبر سے توسیع دعوت مہم کا آغاز کریں گے ۔