۔83 ارب روپے قبائلی اضلاع کی ترقی پر خرچ کر رہے ہیں، محمود خان

44

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہقبائلی اضلاع کی ترقی کیلیے 83 ارب روپے کا خطیر بجٹ رکھا گیا ہے جو نئے اضلاع کیلیے صوبائی حکومت کی مخلصانہ سوچ کا عکاس ہے، 2 ارب 92 کروڑ روپے میران شاہ مارکیٹ کی زمین کے استعمال کی مد میں جاری کیے جاچکے ہیں، پیسکو کو بجلی کی بحالی کیلیے 6.9 ارب روپے فراہم کیے گئے ہیں، 197.978 ملین روپے کی لاگت سے شمالی وزیرستان کے گریوم ایریا کو بجلی کی ترسیل کا منصوبہ شروع ہے جس کے تحت 11 کلو وولٹ فیڈر کی تنصیب مکمل کرکے آج افتتاح کیا گیا ہے، جس سے 50 دیہات مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے دورے کے دوران کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اراکین صوبائی اسمبلی میرکالام،اقبال وزیر،ملک شاہ محمدوزیر،قبائلی عمائدین اوردیگربھی اس موقع پرموجود تھے۔ وزیراعلی نے عوام کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کیلیے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین نے میران شاہ اور میر علی بازار کے تاجروں کے مسائل حل کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ قبائلی عوام بھی ترقیاتی منصوبوں کیلیے اچھی سوچ رکھتے ہیں۔ صوبائی حکومت قبائلی عوام کو ترقی کے دھارے میں لانے کیلیے خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے انہوں نے یقین دلایا کہ وزیراعظم کی طرف سے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام کے حوالے سے تمام اعلانات کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ ہم نے اپنے بچوں کے ہاتھوں سے بندوقیں لے کر قلم دینا ہے۔ انہوںنے مزید کہاکہ جو کوئی بھی ملک و قوم کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنے گا اس کا مقابلہ کریں گے۔
محمود خان