حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) تاجر رہنمائوں نے تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوںکے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد ایوان تجارت و صنعت کے سینئر نائب صدر محمد شاکر میمن نے کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں ضیا ع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے سے تاجر برادری کو دلی صدمہ ہوا ہے ،تاجر برادری وزیر اعظم اوروزیر ریلوے سے اپیل کرتی ہے کہ مرحومین کے اہل خانہ کی مالی معاونت کی جائے اور زخمیوں کا سرکاری خرچے پر علا ج کرایا جائے ۔شاکر میمن نے کہا کہ آئندہ حادثات سے بچنے کے لیے پاکستان ریلوے مؤثر اقدامات کرے ، تاجر برادری دعا گو ہے کہ اﷲ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوار رحمت میں جگہ اور لواحقین کو صبر جمیل عطافرمائے ۔علاوہ ازیںحیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی ایگزیکٹیو کمیٹی جس کا اجلاس دولت رام لوہانہ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں تیز گام حادثے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرانے اور ذمے داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔اجلاس میں شہدا کے لیے مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر معیز عباس، نائب صدر محمد یاسین خلجی، سابق صدر محمد اکرم انصاری، رمیز الدین احمد، عبدالسلیم آرائیںودیگر بھی موجود تھے۔
تاجر رہنمائوں کی تعزیت