اتحادیوں کے ساتھ حکومت بنا کر 6 ماہ میں ملک ٹھیک کر دیں گے،شہباز شریف

225

مسلم لیگ ن  کے صدر شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم موجودہ اتحادیوں کے ساتھ حکومت بنا کر 6 ماہ میں ملک ٹھیک کر دیں گے، 6 ماہ میں حالات بہتر نہ کر سکے تو میرا نام عمران خان نیازی رکھ دینا۔

اسلام آباد میں آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کی کنٹینر کی سیاست آج دفن ہوگئی، کنٹینر کی سیاست عمران خان نے شروع کی تھی، مولانا فضل الرحمان کو دل کی گہرائیوں سے کامیاب مجمع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ قوم جان چکی ہے کہ نیا پاکستان بہترتھا یا پرانا،عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر گواہی دے رہا ہے کہ اس حکومت کو بہالے جائے گا، تبدیلی پہلے نہیں تبدیلی اب آئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ جعلی حکومت سے جان چھڑانے کا وقت آ گیا ہے، عمران نیازی سے جان چھڑانے تک ہم ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کا دل پتھر اور بھیجا خالی ہے، جادو ٹونے حکومت چلائی جا رہی اور پھونکوں سے تعیناتیاں ہو رہی ہیں،عمران خان جادو ٹونے سے تبدلی لانا چاہتا تھا لیکن یہ ملک کی بربادی بن گئی ہے، 72 سال سے پاکستان میں اس سے بدتر حکومت نہیں دیکھی۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم موجودہ اتحادیوں کےساتھ حکومت بنا کر 6 ماہ میں ملک ٹھیک کر دیں گے، 6 ماہ میں حالات بہتر نہ کر سکے تو میرا نام عمران خان نیازی رکھ دینا۔

شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں ڈینگی کا خاتمہ کیا گیا، آج حکومت نےغریب عوام سےمفت علاج بھی چھیں لیا، نوازشریف کے دور میں غریبوں کو دوائیں مفت ملتی تھیں، نئے پاکستان میں ڈینگی سے سیکڑوں لوگ جان سے گئے، آج نوازشریف کوموت کے منہ میں دکھیلا جا رہا ہے۔