فیصل آباد( وقائع نگار خصوصی )جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیرراناطٰہٰ خان،جنرل سیکرٹری میاںعتیق الرحمن،نائب امیر ڈاکٹرمحمدانور، رانا نذیر خان ، میاںاعجازحسین اور دیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا کہ ٹرین کے سانحے کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے،عدالت عظمیٰ اس کا از خود نوٹس لے اور غفلت کے مرتکب ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ وزیر ریلوے 75افراد کے زندہ جل جانے کے سانحے کی ذمے داری قبول کریں۔ وزیر اعظم عمران خان قوم کو بتائیں کہ اس کا ذمے دار کون ہے؟ موجودہ وزیر ریلوے کے دور میں یہ 19واں حادثہ ہے۔ ماضی میں وہ کہتے تھے کہ کسی بھی حادثے کی ذمے داری حکومت کو قبول کرنی چاہیے اب وہ ایسا کیوں نہیں کرتے ،شیخ رشید کے لیے استعفا دینے کی بسمہ اللہ کا وقت آگیا ہے ۔ راناطٰہٰ خاں نے کہاکہ ٹرین حادثات میں مسلسل اضافہ انتظامیہ کی نا اہلی کا ثبوت ہے۔حکومتی وزرا حادثات پر بیان بازی کے علاوہ کچھ نہیں کرتے۔سانحہ تیزگام پر مسافروں کی اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتیں افسوسناک ہے ۔ افسوسناک واقعہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعاگو ہیں۔اس حکومت میں جتنے ٹرین حادثات ہوئے ماضی میں اتنے حادثات نہیں ہوئے ۔ 14 ماہ کے دوران ٹرینوں کے جتنے بھی حادثات ہوئے ہیں ان کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے اور ذمے داروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع پوری قوم کیلیے گہرا صدمہ ہے۔