پاکستان میں مزدوروں کے حوالے سے بہترین قوانین ہیں، محبوب علی

74

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں 2013ء میں منظور کیے بل پر عملدرآمد کراکے عارضی ملازمین کو مستقل کرکے ان کو بنیادی حقوق دیے جائیں۔ یہ مطالبہ نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر محبوب علی قریشی، ندا ناز، صبا اقبال، شکیلہ خان ودیگر نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان میں مزدوروں کے حوالے سے بہترین قوانین ہیں، جس کی دنیا کے اکثر ممالک میں مثال ملنا مشکل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی میں سندھ حکومت نے 2013ء میں عارضی اور ڈیلی ویجز پر بھرتی ملازمین کو مستقل کرنے کا بل منظور کیا تھا اور ملازمین کو مستقل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور سندھ حکومت کی جانب سے عارضی ملازمین کی کم از کم تنخواہ ساڑھے 17 ہزار روپے مقرر ہے مگر ملک کے سرکاری اداروں سمیت غیر سرکاری اداروں میں ملازمین کو چار سے دس ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے جبکہ ان ملازمین کو صحت، تعلیم اور پنشن کی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔ ان سے ہمیشہ عارضی بنیادوں پر ہی کام لیا جاتا ہے، جس میں سندھ سمیت ملک کے بڑے صنعتی ادارے شامل ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فی الفور نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کرایا جائے اور عارضی، ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرکے ان کو انصاف فراہم کیا جائے۔