حیدرآباد ،قاسم آباد کے مکینوں کا گیس پریشر میں کمی کیخلاف احتجاج

74

حیدر آباد(اسٹاف رپورٹر) قاسم آباد کی گنجان آبادی والے علاقے ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی اور قرب وجوار کے علاقوں کے سیکڑوں مکینوں نے گزشتہ 6 ماہ سے گیس کے کم پریشر اور مصنوعی لوڈشیڈنگ کیخلاف قاسم آباد میں واقع سوئی سدرن گیس کمپنی کے ریجنل آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے سڑک پر دھرنا دیا۔ مظاہرین گیس کمپنی انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کررہے تھے۔ احتجاج کے دوران قاسم آباد روڈ کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اس موقع پر عبدالغفار چانڈیو، اقبال جتوئی، گدا حسین سومرو اور شاہد کھوکھر نے بتایا کہ ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی اور دیگر قرب وجوار کے علاقوں میں گزشتہ چھے ماہ سے سوئی گیس کے کم پریشر اور انتظامیہ کی جانب سے مصنوعی گیس کی لوڈشیڈنگ کے سبب ہزاروں لوگ گیس سلنڈر اور لکڑیاں خرید کر جلانے پر مجبور ہیں، جبکہ گیس نہ آنے کے سبب صبح ناشتہ سمیت رات کا کھانا بنانے میں خواتین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محنت مزدوری اور سرکاری نوکری سمیت اسکول جانے والے بچے صبح کا ناشتہ کیے بغیر گھروں سے جاتے ہیں۔ گیس کمپنی کی انتظامیہ کو کئی بار شکایت کرنے کے باوجود بھی مسئلہ حل نہیں کیا جارہا ہے، جس پر علاقہ مکین احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوئی گیس انتظامیہ گھریلو صارفین سے ہر مہینے بل وصول کرنے کے باوجود انہیں گیس کی مسلسل فراہمی میں ناکام ہے۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ ریلوے ہائوسنگ سوسائٹی سمیت دیگر علاقوں میں سوئی گیس کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ دوسری صورت میں قومی شاہراہ پر بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔