قرآن انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام تین روزہ سیرت سرٹیفکیٹ کورس

105

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) قرآن انسٹی ٹیوٹ قاسم آباد کیمپس 1 کے زیر اہتمام تین روزہ سیرت سرٹیفکیٹ کورس کا اہتمام کیا گیا پہلے دن کا موضوع رحمت اللعالمین تھا ،دوسرااقامت دین اور تیسراختم نبوت اور فتنہ قادیانیت تھا ۔ پروگرام کاآغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسولﷺ سے ہوا ۔ پروفیسر مجیب اللہ منصوری نے تین دن تینو ں موضوعات پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ انتہائی خوش قسمت ہیں جو اس قسم کے دینی اور اصلاحی پروگراموں میں شرکت کرتے ہیں مگر اصل معاملہ ایسے پروگراموں کی افادیت اور اہمیت کو سمجھنا ہے اور عملی زندگی میں قرآن وسنت کو داخل کرنا ہے آج امت ناقدری کا شکار ہورہی ہے اسلام کتنی بڑی نعمت عظمیٰ ہے مسلمان اس سے غافل ہے جس کی وجہ سے مسلمان عملی زندگی میں سب سے پیچھے ہے اس لیے مسلمانوں کو اس بات کا احساس کرنا پڑے گا کہ ان سے بہت بڑی بھول ہوئی ہے، انہیں عملی زندگی میں آنا پڑے گا ۔قرآنی آیات سے زبردست استدلال پیش کرتے ہوئے سیرت النبیﷺکے موضوع پر منفرد بیان کرتے ہوئے آپﷺ کی شان اقدس کو بیان کیا، آقائے نامدار کی ذات ایسی شان والی ذات ہے کہ جن کے پیدا ہونے سے ہزاروں سال پہلے مکہ شہر کو بسایا گیا پھر اسے آباد کیا گیا اور پھر نبی ﷺکے پیدا ہونے کی وجہ سے خدا نے شہر مکہ کی قسم کھائی حب رسولﷺ وہ وصف ہے جس کے بغیر ایمان کی تکمیل ممکن نہیں اور جو مومن کے لیے سب سے بڑا سرمایہ حیات ہے۔ انہوں نے سامعین سے اپیل کی کہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے کہ نوجوان نسل کو دین بیزاری سے بچایا جائے اور ان کے اندر دینی حمیت غیرت اور حیا کو پیدا کیا جائے۔ اس موقع پر بیٹھک اسکول کی نگران تحسین باجی رضیہ سومرو ڑاکٹر بشارت ڈاکٹر عافیہ اور گورنمنٹ کالج کی لیکچرار میمونہ مجیب اورعفت شاہد بھی موجود تھیں ۔ تقریب کے اختتام میں تمام شرکامیں سر ٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔