تباہی کا ذمے دار سیاسی ٹولہ مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوگا، محمود خان

59

پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ملک میں غربت، بیروزگاری، پسماندگی اور نظام کی تباہی کے ذمے دار سیاستدانوں کا گٹھ جوڑ جتنی بھی کوشش کرلے اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ باشعور عوام ان کے دھوکے میں آنے والے نہیں، گزشتہ کئی دہائیوں سے باریاں لینے والے اور باہمی مفاہمت سے ملک و قوم کو لوٹنے والے نام نہاد سیاستدانوں سے تنگ عوام نے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کیا ہے جو دن رات اندرونی اور بیرونی محاذ پر پاکستان کی بقا و خوشحالی کی جنگ لڑ رہے ہیں، پاکستان تحریک انصاف ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دے گی، ہم ملک میں ترقی او خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ بننے والی ہر کوشش کو ناکام بنائیں گے اور ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کیلیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ تعجب کی بات ہے کہ کئی بار حکومت بنانے والے اور حکومتوں کا حصہ رہنے والے مسترد شدہ سیاستدان بھی آج پاکستان اور اسلام کے نام پر اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں تاہم انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اب عوام باشعور ہیں اور کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پاس کہنے کو کچھ نہیں، یہ لوگ خود ابہام اور تذبذب کا شکار ہیں، پاکستان میں امن کی بحالی اور ترقی کے خلا ف رکاوٹیں ڈال رہے ہیں کیونکہ انہیں ماضی میں بھی صرف اپنی ذات کی فکر رہی ہے اور آج بھی ان لوگوں کو اپنی دکانیں بند ہونے کا خوف ہے ، اگر مخالفین اپنے بیانیے میں سچے ہوتے تو ان کے ہاتھ کس نے روک رکھے تھے۔ جب یہ حکمران تھے، نظام کی بہتری کیلیے اور مسائل کے خاتمے کیلیے اقدامات کیوں نہ کیے۔