پی ٹی آئی سے جلد چھٹکارا ملے گا ‘ حالات بہتر ہوجائیں گے،وزیر اعلیٰ سندھ

154

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول زرداری نے رہبر کمیٹی میں پیپلزپارٹی کے نمائندے نامزد کیے ہیں اور آزادی مارچ سے متعلق جو ہوگا وہ رہبر کمیٹی کی مشاورت سے ہوگا، اسلام آباد کی صورتحال پر چیئرمین بلاول زرداری کی ہدایت پر فیصلہ کریں گے۔ وہ اتوار کو وزیر اعلیٰ ہائوس واہڑ سہون میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ناکام حکومت نے لوگوں سے روزگار چھینا ہے اور مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناکام پالیسیوں کے باعث ہم صوبے کے لوگوں کوملازمتیں نہیں دے سکے اور کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبوں کو ان کے حصے کے فنڈز نہیں دیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت سے جلد چھٹکارا ملے گا اور حالات بہتر ہوجائیں گے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پولیس اور محکمہ خزانہ کو پولیس گریڈز دیگر صوبوں کے برابر کرنے کے لیے کہا ہے۔ مولانافضل الرحمن کی جانب سے کنٹینرپراداروں کے خلاف بات کرنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس کا جواب مولانا صاحب اور ان کی جماعت نے دیدیا ہے۔کشمیر کے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر وزیر اعظم نے ایک تقریر کے علاوہ کیا کیا ہے اور کشمیر کے متعلق اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اجلاس سے اٹھ کرکہتے ہیں میں کیا کروں مجھے بتائو ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی ناکامیاں کسی اور کے پلڑے میں ڈال رہی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ضمانت کی درخواست سابق صدرآصف علی زرداری خود کرنا چاہیں گے تو کریں گے، زرداری صاحب کہتے ہیں مجھے ان کی جیلوں سے ڈر نہیں بھلے وہ اپنی طاقت آزمالیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے اس موقع پر اپنے حلقے کے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔