حکمران ہر محاذ ہر بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں،عنایت اللہ خان

63

دیر بالا(وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی و ممبرصوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ پورے صوبے میں دیر بالا کے سوا کوئی ضلع نہیں ہے جس کے تمام بازار سولر سسٹم لائٹس سے روشن ہو ۔ برائول ، دیر ، داروڑہ اور بیبوڑ بازار کو سولر لائٹس سے منور کیاگیا ہے ۔ دیر بالا اور دیر پائیں نے موجودہ حکومت کو مینڈیٹ دیا ہے اور دیر سے تین ممبران قومی اسمبلی اور متعدد صوبائی اسمبلی ممبران منتخب ہوئے ہیں لیکن صوبائی حکومت مسلسل دیر کے عوام کو اذیت دے رہے ہیں اورفنڈز میں نظرانداز کررہے ہیں۔ وہ دیر میں سولر لائٹس کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی دیر بالا حنیف اللہ ایڈووکیٹ اور دیگر قائدین نے بھی خطا ب کیا۔ عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکمران ہر محاذ ہر بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں ۔ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ حکومت کی جانب سے حالت بہتر بنانے کے دعوے اور وعدے بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ حکمرانوں نے آٹا کے قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کے پہنچ سے دور کردیا ہے ۔ ا س مہینے پٹرول ، بجلی اور گیس کے قیمتوں میںاضافہ کرکے عوام پر مہنگائی کا بم گرادیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں سے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے اب کہا جارہا ہے کہ ’’ عوام نوکریاں حکومت سے نہ مانگیں، 400محکموں کو ختم کررہے ہیں۔ ‘‘ تشویشناک امر اور لمحہ فکر ہے۔ ثابت ہوچکا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت چودہ ماہ قبل عوام کے ساتھ جھوٹ بول کر برسر اقتدار آئی تھی۔ساری حکومتی ٹیم ہی نااہلی کی تصویر بنی نظر آرہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عوامی مسائل کا واحد حل جماعت اسلامی ہے اور اب عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیںہے ۔