کسی بھی پرتشدد احتجاج کی حمایت نہیں کرسکتے،احسن  اقبال

83

لاہور :پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما  احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ن لیگ کسی بھی پرتشدد احتجاج کی حمایت نہیں کرے گی۔

پارٹی اجلاس کے بعد لاہور میں میڈیا سے گفتگو  کر تے ہوئے  احسن اقبال نے کہا ہے کہ اجلاس میں طے ہوا کہ عمران نیازی سے چھٹکارا پانے کی کوشش جاری رکھیں گے ،آج کے اجلاس میں نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا  ہے، مسلم لیگ (ن )سمیت اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ کی مکمل حمایت کی، آج کے اجلاس کے نکات  اور پارٹی کی حکمت عملی رہبر کمیٹی کے اجلاس میں پیش کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ ن لیگ کسی بھی پرتشدد احتجاج کی حمایت نہیں کرے گی،اجلاس میں  جمہوری جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے،کسی بھی غیر جمہوری کام کی حمایت نہیں کرتے،کسی سیاسی قائد نے آزادی مارچ کے اسٹیج سے سول نافرمانی کا نہیں کہا ، مہنگا ئی کی وجہ سے بجلی ، گیس کی بلوں کی ادائیگی ناقابل برداشت ہو چکی ہے، نااہل ڈرائیور ملکی معیشت ، ملکی مفادات اور سفارتکاری تباہ کر رہا ہے،مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں جو ترقی کی اسے برباد کردیا گیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نوازشریف کی صحت کے بارے میں دعا کریں، نوازشریف کی صحت اورزندگی ہماری جماعت اورکارکنوں کی اولین ترجیح ہے، نوازشریف کا علاج کسی ٹوئٹ کی روشنی میں نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی صحت کوسیاست میں گڈمڈ نہ کریں،نوازشریف کا علاج سے متعلق معالجین جوبہترتجویزکریں گے اس پرعمل کرنے کے پابند ہیں۔