عمران خان کا متبادل نہیں‘ اسی وزیراعظم پر گزارا کرناپڑیگا‘ فواد چودھری

213

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عمران خان کا کوئی متبادل نہیں تو اسی وزیر اعظم پر گزارا کرنا پڑے گا،پی ٹی آئی پسند نہیں تو پھر بھی انہیں 5 سال برداشت کرنا ہو گا ۔ کراچی میں پیر کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیور میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ جامعہ کراچی کے زیرِ اہتمام جامعہ کراچی میں 4 روزی بین الاقوامی سمپوزیم کم ٹریننگ کورس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن نے احتجاج کرکے اپنا حق استعمال کیا، انہوں نے اپنی سیاسی قوت کا اظہار کیا ہے جب کہ بعض میڈیا والے مدعی سست گواہ چست والا معاملہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت خراب ہے، اللہ انہیں صحت دے، ان کے خاندان والوں کو چاہیے قوم کے پیسے واپس کر دیں جب کہ نوازشریف کے لیے دعاگو ہیں۔فواد چودھری نے کہا کہ پی ٹی آئی پسند نہیں تو پھر بھی انہیں 5 سال برداشت کرنا پڑے گا، عمران خان کا کوئی متبادل نہیں تو اسی پر گزارا کریں، اپوزیشن کا ویسے ہی کوئی حال نہیں، کوئی بیمار ہے، کوئی اسپتال میں پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک سیاسی تھی تاہم مولانا فضل الرحمن کو اپنے مقاصد کا ہی نہیں پتا، پی ٹی آئی کے دھرنے کو اس دھرنے سے نہیں جوڑنا چاہیے، مسئلہ کشمیر دھرنے کی وجہ سے پیچھے چلا گیا۔ وفاقی وزیر نے مزیدکہا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے بجٹ میں 600 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، پاکستان میں لیتھیم بیٹری کی صنعتکاری کا آغاز بہت جلد ہوگا، کراچی سے پانی کی قلت کا مسئلہ آئندہ 16 مہینوں میں حل ہوجائے گا۔