تاجر دشمن پالیسیوں کی موجود گی میںتاجروں کیلیے کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ،عتیق الرحمن

72

پشاور (وقائع نگار خصوصی) دفتر جماعت اسلامی پشاور میں پشاور سے تعلق رکھنے والے تاجران نے کثیر تعداد میں الخدمت تاجران کے اجلاس میں شرکت کی۔ الخدمت تاجران کے اجلاس کی صدارت امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن نے کی۔ اجلاس میں صدرالخدمت تاجران ضلع پشاور خالدگل مہمند، صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پشاور رضوان صراف، صدر تاجران خیبر بازار خالد محمود، سابق صدر الخدمت تاجران سیف اللہ اور دیگر تاجران رہنما شریک ہوئے۔ اجلاس میںپشاور کے تاجروں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی ترقی اور معیشت کی بہتر ی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اگر صوبائی حکومت تاجروں کے مسائل حل نہیں کرسکتے تو وہ ملک کے دیگر علاقوں کے عوام کے مسائل کیا حل کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کے بلند وبانگ دعووں کے برعکس صوبے کے تاجر اور عوام مہنگائی، بے روزگاری اور ٹیکسوں کی بھرمار کی چکی میں پس رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ لوٹ مار اور تاجر دشمن پالیسیوں کی موجودگی میں تاجروں کے لیے کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ سرمایہ کار ملک چھوڑ کر دوسری جگہوں پر سرمایہ کاری کرنے کی سوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے تاجروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ کے دوران، بدترین بدامنی کے دوران اپنا کاروبار جاری رکھا اور پشاور کے عوام کو سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے کی وجہ سے پشاور تاجروں کو شدید بحران کا سامنا ہے اور کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ حکومت پشاور کے تاجروں کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں۔