راولاکوٹ(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ نریندرمودی تقسیم کشمیر کے ایجنڈے کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں ،کشمیر کو بھارت کی یونین میں ضم کر کے اب ا س کے حصے بخرے کرنے کی سازش کی جارہی ہے ،حکومت پاکستان کی طرف سے خاموشی پر کشمیریوں کے شدید تحفظات ہیں ،حکومت پاکستان نے کشمیر کی آزادی کے لیے روڈ میپ نہ دیا تو کشمیری آزادی کے لیے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ،سردار خالد ابراہیم امانتدار اور دیانتدار سیاست دان تھے ہمیشہ حق اور سچ کی بات کرتے رہے اہل کشمیر غازی ملت سردار محمد ابراہیم اور ان کے فرزند سردار خالد ابراہیم مرحوم کی خدمات کو یاد رکھیں گے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے سردار خالد ابراہیم مرحوم کی برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ،ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر کرفیو کو 93دن گز ر چکے ہیں کشمیری شدید مشکلات کا شکار ہیں 15لاکھ قابض بھارتی افواج کشمیریوں کو قید کیے ہوئے ہے نریندرمودی آر ایس ایس کے ایجنڈے کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں مقبوضہ کشمیرمیں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے اور تقسیم کشمیر کے لیے عملی اقدامات کررہے ہیں حکومت پاکستان کی جانب سے تقسیم کشمیر اور مظالم پر کشمیر کی آزادی کے لیے روڈ میپ کا نہ دینا کشمیریوں میں مایوسی کا باعث بن رہا ہے پونے دوکروڑ کشمیری آزادی کے لیے لڑرہے ہیں وہ آزادی حاصل کر کے رہیں گے انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے ہندوستان کے قبضے کو ایک لمحہ کے لیے بھی تسلیم نہیں کیا نہ ہی مودی کے تقسیم کشمیر کو تسلیم کرتے ہیں کشمیری آخری بھارتی فوجی کے انخلاء تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔