سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر شہری اتحاد کے چیئرمین مولانا عبیداللہ بھٹو، اشفاق حسین بھٹی، سید عمران شاہ و دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ڈی ایس پاکستان ریلوے سکھر ڈیویژن نے برسوں سے کاروبار کرنے والے دکانداروں کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ ایوب گیٹ پر قائم دکانوں کی نیلامی میں دکانداروں نے لاکھوں روپے خرچ کر کے حصہ لیا تھا، لیکن اس کے باوجود اب ڈی ایس ریلوے سکھر ڈویژن کامیاب بولی دہندہ کو دکانیں دینے کے لیے تیار نہیں جوکہ سراسر ظلم و ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامیاب بولی دہندہ سے اب ڈی ایس ریلوے زیادہ رقم طلب کر رہا ہے اور نہ دینے کی صورت میں دھونس، دھمکیاں دے کر ہونیوالی نیلامی کو منسوخ کرنے کے آرڈر جاری کر رہا ہے جوکہ ایوب گیٹ کے دکانداروں کے ساتھ سراسر ظلم و ناانصافی ہے، جس کیخلاف ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے اور اگر ڈی ایس ریلوے نے کامیابی بولی دہندہ کو فوری طور پر دکانیں الاٹ نہیں کیں تو ان کے باقاعدہ تحریک کا آغاز کریں گے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں مولانا عبیداللہ بھٹو و دیگر کا مزید کہنا تھاکہ ڈی ایس سکھر ریلوے کی تاریخ میں سب سے ناکام ترین ڈی ایس ثابت ہوا ہے، کیونکہ ان کی نااہلی اور غفلت اور تاجر دشمن اقدامات کی بدولت لاڑکانہ، نوابشاہ، رحیم یار خان کے بعد اب جان بوجھ کر سکھر میں بھی دکانوں کی ہونے والی نیلامی کو منسوخ کر کے محکمہ ریلوے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں اور کامیاب بولی دہندہ سے ڈی ایس ریلوے زیادہ رقم طلب کر رہا ہے، جس کے باعث ایوب گیٹ کے دکانداروں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے، جنرل منیجر ریلوے و دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈی ایس ریلوے سکھر ڈویژن کی جانب سے دکانداروں سے رقم بٹورنے اور نیلامیوں کو منسوخ کرنے کا نوٹس لے کر اس کی انکوائری کرائی جائے اور کامیاب بولی دہندہ کو فوری طور پر دکانیں الاٹ کی جائیں تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنا کاروبار کرسکیں جس سے ریلوے کی آمدن بھی اضافہ ہوگا۔