کراچی(رپورٹ:محمدانور+نمائندہ جسارت) ڈینگی بخار کی وبا پھیلنے پر سندھ حکومت کو سخت اقدامات کرنے کا ہوش آگیا ہے۔ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی ہدایت پر اب کیے جانے والے اقدامات پر عمل درآمد کے لیے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کی سربراہی میں صوبائی عملدرآمد کمیٹی (پی آئی سی ) قائم کر دی ہے۔ یہ کمیٹی 10 ارکان پر مشتمل ہوگی۔ اس ضمن میں چیف سیکرٹری سندھ نے کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔کمیٹی کے ارکان میں سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز، صوبے کے ڈویژنل ڈائریکٹر ہیلتھ ، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او ) کا نمائندہ ، نجی شعبے سے پبلک ہیلتھ اسپشلٹ، ڈائریکٹر
ملیریا پروگرام سندھ ، 29 اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ، پروگرام منیجر پی سی پی ڈی شامل ہیں جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ ( ٹیکنیکل ) کمیٹی کے چیئرمین ہوںگے۔ یاد رہے کہ ڈینگی بخار سے صرف کراچی میں 20 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ پورے صوبے میں یہ تعداد 100 سے تجاوز کر گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کو اطلاع ملی تھی کہ متعلقہ محکمے ڈینگی سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات نہیں کر پا رہے انہیں اس ضمن میں مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس اطلاع پر حکومت نے فوری مذکورہ کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیا ہے۔ علاوہ ازیں اسٹاف ر پورٹر کے مطابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی ہدایت پر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن (ایس ایچ سی سی)نے اسپتالوں میں ڈینگی بخار سے ہونے والی اموات کا جائزہ لینے کے لیے ڈینگی پروگرام سندھ کے ماہرین سے اہم میٹنگ منعقد کی۔میٹنگ میں چیف ایگزیکٹیوآفیسر ایس ایچ سی سی ڈاکٹر منہاج قدوائی، ایڈیشنل منیجر ڈینگی پروگرام سندھ ڈاکٹر عبدالوحید شیخ، ڈائریکٹر انسداد شکایات، ڈائریکٹر کلینکل گورننس اینڈ ٹریننگ نے شرکت کی۔ڈاکٹر منہاج قدوائی نے منیجر ڈینگی پروگرام سندھ ڈاکٹر محمود اقبال میمن سے ٹیلی فون پر ڈینگی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا اور بخار سے ہونے والی اموات کا جائزہ لینے کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر ڈینگی کے پھیلاؤ اور اس سے ہونے والی اموات سے بچاؤ کے لیے جامع پالیسی اور احتیاطی تدابیر اپنانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ دوسری جانب ڈینگی کی روک تھام کے لیے اہم اجلاس (آج) بدھ کو سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے آفس میں منعقد ہوگا جس میں ڈینگی پروگرام سندھ اور ایس ایچ سی سی کے ماہرین شرکت کریں گے اور ڈینگی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل بنائیں گے جبکہ صوبائی وزیر صحت کی ہدایت پر اسپتالوں کا دورہ کیا اورڈینگی بخار کے حوالے سے دست یاب علاج کی سہولیات کا معائنہ کیا گیا۔
ڈینگی