اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیرکے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہاہے کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا کشمیرکی آزادی کا سورج طلوع ہوگا،بھارتی فوج اور آر ایس ایس کے غنڈوں نے 6نومبر کو لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا،شہدا کے مشن کی تکمیل تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، نریندرمودی اور آر ایس ایس ایک بار پھر وہی تاریخ دہرانا چاہتے ہیںعالمی برادری ا ورانسانی حقوق کے ادارے بڑے انسانی المیے کے رونما ہونے سے قبل اپنا کردارا داکرے اوربھارت کیخلاف فوجی کارروائی کرے ۔ان خیالا ت کااظہارانہوںنے مرکزی ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مرکز نائب امرا نورالباری،راجا جہانگیر خان ، سیکرٹری جنرل راجا فاضل تبسم،جماعت اسلامی یوتھ کے صدر نثار شائق سمیت دیگر ذمے داران نے گفتگوکی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمودخان نے کہاکہ کشمیریوںنے ایک لمحے کے لیے بھیبھارت جبری قبضے کو قبول نہیں کیا اپنے حق کے لیے جہاد جاری رکھا ہوا ہے ،کشمیری آزادی کی منزل کے حصول تک جہاد جاری رکھیںگے،جو قوم اپنی آزادی کے لیے 5لاکھ افراد قربان کردے ا س کو آزاد کی منزل سے کوئی طاقت محض ظلم کی بنیاد پر آزادی کی منزل سے دور نہیں کرسکتی۔ انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی کا 46 واں اراکین جنرل کونسل کا اجلاس 10-9 نومبر کو اسلام آباد مرکز جماعت میں منعقد ہو گا ۔ تمام اراکین جنرل کونسل اس اجلاس میں بھرپور طور پر شرکت کریں۔ مرکزی ذمے داران اور امرائے اضلاع،امرائے حلقہ جات،اراکین جنرل کونسل سے رابطہ کریں اور ان کی شرکت کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور دیرپا حل اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت فراہم کرنے میں مضمر ہے۔ کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے برعکس کوئی حل کشمیری قبول نہیں کریں گے۔بھارت اپنے عہد کے مطابق کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق فراہم کرے۔ نریندر مودی ایک نہیں 10 کشمیر کے نقشے سامنے لائے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ایک بھی کشمیری بھارت کے ساتھ جانے اور رہنے کے لیے تیار نہیں ہے۔