گنے کی قیمت کم مقرر کرنا صوبائی حکومت کا کاشتکاروں پر ظلم ہے

183

پشاور(وقائع نگار خصوصی )کسان بورڈ ضلع پشاور کے صدر احمد علی خان آف کوچیان کی سربراہی میں ایک وفد نے نائب امیر جماعت اسلامی وسابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان سے ان کی رہائشگاہ پر کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے ملاقات کی۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی وسابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان نے کہاکہ گنے کی قیمت کم مقرر کرنا صوبائی حکومت کی کاشتکاروں پر ظلم ہے ۔ مہنگائی کے اس دور میں گنے کی قیمت کم ازکم 300 روپے فی 40کلوگرام مقرر کیا جائے ۔ مہنگائی انتہاتک پہنچ چکی ہے اور کھاد کی قیمت بھی بڑھ چکی ہے اور غریب کاشتکاروں کے ساتھ جو استحصال ہورہا ہے اس کے خلاف چارپریزہ چوک میں احتجاجی مظاہرے کا اعلان بھی جلدازجلد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ خزانہ شوگرمل کو کرشنگ کے لیے فوری طورپر شروع کیا جائے جماعت اسلامی کاشتکاروں کے اس احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شوگر ملز مالکان کے ہاتھ بہت لمبے ہیں اور وہ حکومت کے ساتھ مل کر دونوں ہاتھوں سے کاشتکاروں کو لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں سے ہرسال اونے پونے داموں گنا خریدا جاتا ہے۔ کاشتکار اب جاگ اْٹھے ہیں اور اپنے حقوق کیلیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔