علامہ اقبال ؒ نے مسلمانوں کی بیداری کیلیے اپنی زندگی وقف کردی

69

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم حافظ امان اللہ نے کہا ہے کہ فکر اقبالؒ کے ذریعے نوجوانوں کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ برصغیر کے نوجوان اقبالؒ کی فکر کو لیکر آگے بڑھے تو پاکستان کا وجود عمل میں آیا علامہ اقبالؒ عوامی شاعر تھے ۔ انہوں نے مسلمانوں کی بیداری کے لیے اپنی زندگی وقف کردی، برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کرنے میں جو بنیادی کردار علامہ اقبالؒ کے افکار و اشعار نے ادا کیا ہے تاریخ اسے فراموش نہیں کر سکتی۔ امت مسلمہ کے لیے علامہ محمد اقبالؒ نے جو چراغ روشن کیے اس کی روشنی اور کرنیں آج بھی با آسانی محسوس کی جاسکتی ہیںاور وہ دن دور نہیں جب نسل نو علامہ اقبالؒ کے خوب کی روشن تعبیر کرے گی علامہ اقبالؒ کے کلام اور فکر کے پیغام پر عمل کرنے کیلیے رنگ نسل فرقے کی عصبیتوں کو ختم کرکے ایک ملت کے تصور کو عام کرنا ہوگا ، اب وقت آگیا ہے کہ ہم پاکستان کو علامہ اقبالؒ کے خواب کی تعبیر بنائیں، اسلام کی حقیقی تصویر علامہ اقبالؒ کے کلام میں ملتی ہے۔اقبالؒ نے غلام قوم کو انگریزوں اور ہندوئوں کی غلامی سے نکال کر اقوام عالم میں سرفراز کیا، فکر اقبالؒ یہ ہے کہ پوری قوم کو مثبت مقاصد کیلیے تیار کیا جائے حالات کا مقابلے کرنے کا عزم کیا جائے۔