اشیا کے نرخ اور معیار کو سختی سے چیک کیا جائے، ڈپٹی کمشنر سکھر

57

سکھر (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے روز مرہ کی استعمال کی اشیا خورونوش کے نرخ معلوم کرنے اور بڑھتی مہنگائی پر کنٹرول حاصل کرنے کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں فوڈ ڈپارٹمنٹ، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن، مارکیٹ کمیٹی، تاجر ایسوسی ایشن، فلور ملز ایسوسی ایشنز کے عہدیداروں اور دیگر عملداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر نے مارکیٹ کمیٹی کے افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سبزی اور فروٹ مارکیٹس میں مارکیٹ کمیٹی کے عملے کے متعلق شکایات مل رہی ہیں، جن کیخلاف اعلیٰ حکام کو کارروائی کے لیے لکھا جائیگا اور مارکیٹ کمیٹی کے انسپکٹرز کو سبزیوں اور فروٹ کے واک لگنے کے وقت موجود رہنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی سی سکھر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختاروں کاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں چیکنگ کے عمل کو تیز کیا جائے، جہاں اشیا کے نرخ اور معیار کو سختی سے چیک کیا جائے اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈائون کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے بیورو آف سپلائی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ فہرست دکانوں پر نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فہرست پر عمل نہ کرنے کی صورت میں دکانداروں کیخلاف سخت کارروائی کرکے جرمانہ عائد کیا جائے اور ملاوٹ کرنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ اشیا خورونوش کے متعلق عام شہریوں کی جانب سے شکایات موصول ہونے کے لیے ڈی سی آفس سکھر میں کنزیومر کونسل کمپلینٹ سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو فلور ملز میں آٹے کے بیگز کی تقسیم کے حوالے سے فارمولا تحریر طور میں جمع کرنے کی ہدایت کی اور سکھر فلوملز مالکان سے آٹے کی نرخوں کا جائزہ لینے کے بعد فی کلو 49 روپے مقرر اور دیگر روز مرہ کے استعمال کی اشیا کے نئے نرخ بھی مقرر کیے جائیں۔