سانحہ تیز گام:19 افسران  کو معطل کردیا ،شیخ رشید

172

لاہور :وزیر ریلوے شیخ رشید نے سانحہ تیز گام پر 19 افسران کو معطل کر دیا ،سلنڈر لے جانے والو ں کے خلاف کاروائی کا حکم دے دیا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید  نے میڈیا سے گفتتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوران سفر مسافروں کی صحت اور جان و مال کی حفاظت ہماری ذمےداری ہے، ریلوے کے 19 افسران کو معطل کر دیا ہے ، ان میں ریلوے  پولیس افسران بھی شامل ہیں جبکہ  سلنڈر لے جانے والے مسافروں کیخلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولا نا فضل الرحمان غریب کارکنوں کو مزید آزمائش میں نہ ڈالیں ، مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کو جن پارٹیوں نے کیش کرانا تھا ، کرا لیا ، لاشوں کی سیاست ختم ہو گئی ، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان لاشوں کی سیاست کرنا چاہتے ہیں ، دھرنا دینا جیل کی سزا کاٹنے سے زیادہ تکلیف دہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نہیں جارہیں ، ان کا پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے ،اللہ تعالی نواز شریف کو مکمل صحت یاب کرے،  نواز شریف ضمانت پر ہیں ، ان کے کیسز ختم نہیں ہوئے ،نواز شریف کو طبی نظریہ ضرورت کے تحت باہر بھجوایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بھی نواز شریف کیساتھ جائیں گے ، وہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلتے ہیں ، سلمان اور حمزہ ، شہباز شریف کی مجبوری ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ  کوئی بیماری کےذریعے سیاست کرے تو پھر معاملہ اللہ پر چھوڑ دینا چاہیے ،آصف زرداری ، خورشید شاہ ، حمزہ، سلمان کے کیسز انتہائی اہم ہیں ، پلی بارگین سے حل ہوں گے ، انہوں نے دعوی کیا کہ آیندہ چند روز تک آصف زرداری کیطرف سے پیسے ملنا شروع ہو جائیں گے،3 ،4 ماہ میں آصف زرداری کے تمام کیسز بھی پلی بارگین میں ختم ہو جائیں گے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے  مزید کہا کہ کرتاپور ریلوے اسٹیشن کی تعمیر بھی جلد شروع ہو جائے گی اور کرتاپور راہداری کا منصوبہ تاریخ ساز کہلائے گا۔