سکھر(نمائندہ جسارت) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید شاہ کو مزید جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دینے کی استدعا مسترد کردی۔ سکھر کی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید شاہ کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر پیش کیا گیا۔ نیب کی جانب سے خورشید شاہ کے جسمانی ریمانڈ پر مزید 15 روز کی توسیع کی درخواست کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ خورشید شاہ نیب سے تعاون نہیں کر رہے ہیں، نیب ان سے مزید تحقیقات کرنا چاہتا ہے۔دوسری جانب خورشید شاہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کی طبیعت خراب ہے اسلیے انہیں مزید ریمانڈ پر نیب کے حوالے نہ کیا جائے۔ عدالت نے خورشید شاہ کو 15 روز کے لیے جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے 24 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔واضح رہے کہ 31 جولائی کو چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی سربراہی میں ہونے والے ایگزیکٹو بورڈ نے خورشید شاہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی تھی جس کے بعد 18 ستمبر کو نیب سکھر اور راولپنڈی نے مشترکہ کارروائی میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا۔
ٓخورشید شاہ کیس