فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم ڈویژن سیدحسن بلال ہاشمی اور جنرل سیکرٹری برادر حسیب خالد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ طلبہ سیرت النبیﷺ پر عمل پیرا ہو کر دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات اور مسائل کا حل سیرت طیبہﷺ میں موجود ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ پر عمل کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ رسولﷺ نے دنیا سے جہالت اور تاریکی کا خاتمہ کرکے امن کا پیغام دیا اور اللہ کی زمین پر اللہ کے بندوں کو اللہ کے احکامات پر عمل پیرا ہونے کی طرف راغب کیا۔ امت مسلمہ کی کامیابی کا پورا انحصار اللہ تعالیٰ کے احکامات یعنی قرآن مجید اور رسولﷺ کی سیرت طیبہ یعنی احادیث پر عمل کرنے میں مضمر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نبیﷺ انفرادی اور اجتماعی زندگی دونوں کے لیے ایک کامل رہنما ہیں۔ آپؐ کی شانِ بندگی یعنی عبادت و ریاضت، داعیانہ تڑپ، مثالی کردار، اپنے صحابہ کرامؓ کی تعلیم و تربیت اور مصائب و مشکلات کے وقت صبر و استقامت ہمارے لیے مثالی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ تعلیمی اداروں میں رسول اللہﷺ کے مشن کو عام کرنے، آپﷺ کی لائی ہوئی تعلیمات کو پھیلانے اور اپنی زندگی کو ان تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کا عزم اور تڑپ رکھتی ہے۔