اسلام آباد ، پنجاب، پختونخوا کے نانبائیوں کا 16نومبرکو ہڑتال کا اعلان

42

راولپنڈی (آن لائن) نانبائیوں اور انتظامیہ کے درمیان مذکرات ناکام ہوگئے‘ عام آٹے، فائن آٹے اور میدے کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہ ہونے کے بعد نانبائی ایسوسی ایشن آف پاکستان، پنجاب، کے پی کے اور اسلام آباد کے نانبائیوں نے 16 نومبر شٹر ڈائون ہڑتال کی کال د یتے ہوئے کہا ہے کہ عام آٹے اور فائن آٹے کے پرانے ریٹ بحال کیے جائیں۔ عہدیداران نے عام آٹے، فائن آٹے اور میدے کی فی بوری قیمت پر1200 سے 1500 روپے کے اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پرقیمت میں ظالمانہ اضافہ واپس لے‘ اگر نرخ کم نہ کیے گئے تو16نومبر کو شٹر ڈائون کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار نانبائی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر محمد شفیق قریشی، جنرل سیکرٹری محمد خورشید قریشی، متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے آفتاب اسلم گل، کیپیٹل نانبائی ایسوسی ایشن کے صدرسجاد علی عباسی اور دیگر نے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد شفیق قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میدے، فائن آٹے اور عام آٹے کی فی بوری قیمتوں میں 12سو سے15سو روپے اضافہ کر دیا گیا ہے‘ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی گیس کا شارٹ فال شروع ہو چکا ہے جبکہ سلنڈر گیس کی قیمت میں 150روپے اضافہ کر دیا گیا ہے ان حالات مین نان روٹی موجودہ سرکاری نرخ پر فروخت کرنا ناممکن ہے لہٰذا حکومت اور ضلعی انتظامیہ آٹے کے پرانے ریٹ فوری بحال کرے بصورت دیگر ہم ازخود نان روٹی کی قیمت بڑھا دیں گے ۔