فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلای یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحمودنے کہاہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ اضافہ سے صارفین پر 24 ۱رب روپے کا اضافی بوجھ بڑھے گا۔ بجلی کے نرخوںمیں حالیہ اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے تاکہ عوام کو کچھ سکھ کا سانس لے سکیں۔ عوام مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہو کر خود کشیاں کررہے ہیں جبکہ پڑھے لکھے نوجوان جرائم کی دلدل میں دھنستے چلے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان کرنے والوں نے کارخانے بند، معیشت بد حال، بے روزگاری میں اضافہ اور لوگوں سے ان کی چھت تک چھین لی ہے۔ فیصل آباد سمیت پورے ملک بھر میں 600سے زائد یوٹیلیٹی اسٹور بند کرکے ہزاروں افراد کو بے روزگار کردیا ہے۔کیا یہی وعدہ تھا جو الیکشن سے پہلے حکمرانوں نے عوام سے کیا تھا۔ منافع بخش ادارے شدید قسم کے خسارے میں جاچکے ہیں۔ عوام کو تن ڈھانپنے کے لیے لباس، رہنے کے لیے چھت اور جسم کا روح سے ناطہ برقرار رکھنے کے لیے دو وقت کی باعزت روٹی میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی تو اس کو مسائل میں اضافہ کرنے کا بھی حق حاصل نہیں۔ ٹیکسوں کی بھر مار نے تاجروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ سرمایہ دار پاکستان آنے سے گھبراتے ہیں۔ قوم کو بتایا جائے کہ گزشتہ پندرہ ماہ میں ملک میں کتنی سرمایہ کاری آئی ہے۔