اسلامی نظام حکومت کے قیام سے ہی ہمارے مسائل حل ہوں گے،خالد محمود

78

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ 15 نومبر سے 15 دسمبر تک جماعت اسلامی دعوتی مہم چلائے گی، دعوتی مہم آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پاکستان میں مقیم مہاجرین کے حلقوں میں بھرپور انداز سے چلائی جائے گی، تمام کارکنان اس مہم میں بھرپور حصہ لیں، مہم کے دوران کارکنان جماعت 22 دسمبر کو اسلام آباد مارچ میں شرکت کے لیے بھی لوگوں کو دعوت دیں۔ اسلامی معاشرے کی تشکیل اور اسلامی نظام حکومت کے قیام سے ہی ہمارے مسائل حل ہوں گے۔ اللہ کے پیغام کو بندوں تک پہنچانا ہم سب کی ذمے داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امرا اضلاع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ امرا اضلاع اپنے اپنے اضلاع میں بھرپور منصوبہ بندی اور حکمت عملی تشکیل دیں تا کہ بھرپور انداز سے دعوتی مہم چلائی جاسکے۔ کشمیر کی آزادی اور نظام کی تبدیلی ہمارا اصل ہدف ہے۔ قرآن وسنت کی دعوت لے کر ایک ایک گھر اور ایک ایک فرد تک پہنچنے کی ضرورت ہے، کارکنان خود بھی قرآن وسنت پر عمل کریں، روزانہ قرآن و حدیث کا مطالعہ کریں، قرآن کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں، دعوت کا آغاز اپنی ذات اور اپنے گھر سے کریں۔ دعوت اور خدمت ہمارا طرہ امتیاز ہے۔ اس وقت اسلامی تحریکیں پوری دنیا میں اپنے اپنے انداز سے اللہ کے پیغام کو اللہ کے بندوں تک پہنچانے کی جدوجہد کررہی ہیں۔ اللہ نے اس امت کو پیدا ہی اسی لیے کیا کہ وہ اللہ کے اس پیغام کو اللہ کے بندوں تک پہنچائے۔ یہ کام اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیاؑ کے ذریعے مخلوق تک پہنچانے کا اہتمام کیا اور نبی پاکﷺ کے بعد اب کوئی نبی نہیں آئے گا۔ اس لیے یہ کام امت کے ذمے ہے۔