راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)صوبائی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب اقبال خان نے کہاہے کہ کشمیرپرسابقہ اورموجودہ حکمرانوں کی سردمہری اور مٹی پائو پالیسی کے باعث آج ایک کروڑکشمیری مظلوم مسلمان ظلم کی تنگ وتاریک جیل میں قیدہیں،وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ میں تقریرکرنے اور آزادی کے نام پرپودا لگانے کوبڑاکارنامہ سمجھتے ہیں ، امیرجماعت سینیٹرسراج الحق نے کال دے دی جماعت اسلامی کشمیرکی بقا کیلیے 22 دسمبرکو اسلام آباد کے قبرستان جیسے محلات میں سوئے بے حس اور بے حمیت حکمرانوں کوجگانے کیلیے پاکستان بھرسے انسانوں کا سمندراسلام آبادلائے گی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ کے امرا کی ٹریننگ ورکشاپ اور دیگراجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکشاپ سے امیرضلع سیدعارف شیرازی،سید عزیر حامدودیگرنے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی شمالی پنجاب انعام الحق اعوان،ضلعی ذمے داران سمیت امرائے زون بھی شریک تھے۔ اقبال خان نے کہاکہ تبدیلی کے ثمرات نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں اب قوم عذاب کی صورت مسلط اس سونامی سے نجات کیلیے دن رات دعائیں کرتی ہے۔ مہنگائی نے سب سے زیادہ غریب اور سفید پوش طبقے کو متاثر کیاہے۔ لوگوں کے لیے اب سفید پوشی کا بھرم رکھنا بھی مشکل ہوگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ ذمے داران اپنی ذمے داریاں پہچانیں اورعوام سے قریبی رابطہ رکھیں ۔