راولپنڈی( نمائندہ جسارت) اڈیالہ جیل میں 85 سے زائد قیدی اور حوالاتی شدید بیمار ہو گئے ہیں۔ جیل ذرائع کے مطابق بیمار قیدی اور حوالاتی جیل سے باہر اسپتال منتقلی کے منتظر ہیں، یہ قیدی دل، گردوں، یرقان اور سانس کی تکالیف میں مبتلا ہیں۔ذرائع کے مطابق اگر قیدیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل نہ کیا گیا تو ان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔واضح رہے کہ 3دن قبل پنجاب کی جیلوں میں 10 ہزار بیمار قیدیوں نے طبی بنیاد پر لاہور ہائیکورٹ میں رہائی کی درخواست دائر کی تھی۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ نواز شریف کی طرح بیمار قیدیوں کو طبی بنیاد پر ضمانت دی جائے۔ کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے کی۔ عدالت نے ضمانت پر رہائی کی درخواست چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجواتے ہوئے فیصلے کی ہدایت کی۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ جیلوں میں 10 ہزارسے زائد قیدی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، جیلوں میں قیدیوں کو علاج کی مناسب سہولتیں میسر نہیں ہیں جس پر استدعا کی جاتی ہے کہ نواز شریف کی طرح بیمار قیدیوں کو طبی بنیاد پرضمانت دی جائے۔